یوٹیلیٹی اسٹورز نے رمضان سے قبل عوام کے لئے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے۔رمضان ریلیف پیکج ساڑھے سات ارب روپے پر مشتمل ہے۔
علاوہ بریں یوٹیلیٹی اسٹورزکی جانب سے رمضان پیکج کے تحت قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے۔ جس کا اطلاق پانچ مارچ سے کر دیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رمضان پیکج کے تحت چائے آٹھ سوگرام قیمت میں سو روپے، بیسن اور کھجور کی فی کلو قیمت میں پچاس روپے، دودھ کے فی لیٹر ٹیٹرا پیک کی قیمت میں تیس روپے، دالوں اور چاول کی فی کلو قیمت میں پچیس روپے،کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں پچیس روپے اور مشروبات کی آٹھ سو ملی لیٹر قیمت میں تیس روپے کی کمی کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بی آئی ایس پی صارفین کیلئے چینی کی فی کلو قیمت ایک سو نو روپے،گھی تین سو پینسٹھ روپے اور آٹے کے دس کلو تھیلے کی قیمت چھ سو اڑتالیس روپے برقراررہے گی۔واضح رہے کہ رمضان ریلیف پیکج چاند رات تک جاری رہے گا۔