ستائیس فروری 2019 بھارتی فضائیہ کا مگ اکیس ڈوگ فائٹ کے بعد گر کر تباہ ہوا تھا
ستائیس فروری 2019 کی تاریخ اہل ِ وطن کے لئے یادگار تاریخ ہے۔ جب بھارتی فضائیہ کا ایک-21 مگ جسے جموں و کشمیر میں پاکستانی فضائیہ کے فضائی حملوں سے نبرد آزما ہونے کے لئے بھیجا گیا تھا۔ونگ کمانڈر ابھی نندن ورتھمان اس طیارے کو لے کر اڑان بھر رہا تھا۔ورتھمان فضائی حملے کی غرض سے پاکستان حدود میں داخل ہوا۔ اس کا آئی اے ایف کمانڈ سے رابطہ منقطع ہو گیا اوراسی دوران پاک فضائیہ سے ڈاگ فائٹ میں اس کے مگ اکیس کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔ جہاز پاکستانی حدودمیں کنٹرول لائن سے تقریباً 7 کلومیٹر (4.3 میل) دور ہوران گاؤں میں گرا۔ مقامی دیہاتیوں نے پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کی شناخت اس کے پیراشوٹ پر ہندوستانی پرچم سے ہندوستانی پائلٹ کے طور پر کی۔
مقامی لوگوں سے ورتھمان نے استفسار کیا کہ وہ ہندوستان میں ہے یا پاکستان میں؟جس پر ایک لڑکے نے ”انڈیا” کہہ کرابھی نندن کو مخاطب کیا۔ ابھی نندن ورتھمان نے مبینہ طور پر ”بھارت ماتا کی جے” کا نعرہ لگایا، جس پر مقامی لوگوں نے ”پاکستان زندہ باد” کے ساتھ جواب دیا۔ابھی نندن نے غیر پیشہ ورانہ انداز میں خوفزدہ ہوکر گولیاں چلانا شروع کر دیں۔تاہم گاؤں والوں نے ابھی نندن ورتھامن کو پکڑ لیا۔ اسی دوران پاک فوج کے جوان وہاں پہنچ گئے اور اسے مقامی لوگوں سے محفوظ کر کے گرفتار کرلیا۔اس بات کا اعتراف پائلٹ ابھینندن ورتھمان نے بھی کیا تھاکہ 27 فروری کو پاکستانی فوج کے جوانوں نے اس کی جان بچائی تھی۔
یاد رہے پاکستان نے خیر سگالی کا مظاہر ہ کرتے ہوئے اور بھارت کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی خاطرصرف دو دن کے اندر ابھینندن کو رہاکردیا تھا۔ پاکستانی حکام نے بھارتی پائلٹ کو واہگہ بارڈر پر اس کے ملک کے حکام کے حوالے کیاتھا۔