گوادر میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ، ڈپٹی کمشنر

ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے کہا ہے کہ گوادر میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں ،7مکانات مکمل طور پر گر گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں گھروں کو جزوی نقصانات پہنچا ہے۔

ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگ زیب بادینی نے بتایا کہ گوادر میں موسلادھار بارش ابھی کچھ دیر سے رکی ہوئی ہے ، بارش سے گوادر کے بیشتر علاقوں میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے اندرونی شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں گوادر میں 7گھر مکمل طور پر گر گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے وہ مکانات جن کے گرنے کا خطرہ تھا ان کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔

ڈی سی گوادر نے بتایا کہ گوادر کا تربت اور کراچی سے رابطہ بحال ہے۔دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہاں زیب خان نے بتایا کہ گوادر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے ڈی سی گوادر سے رابطے میں ہوں ، پی ڈی ایم اے کی دو ٹیمیں گوادر روانہ کردی ہیں ٹیموں کے ساتھ پانی نکالنے والے پمپس ،آلات اور بوٹ بھجوائی گئی ہیں اگر ڈی سی گوادر نے خیموں اور دیگر اشیا کی ڈیمانڈ کی تو فورا بھجوادیں گے ۔