کراچی میں بادل برسنے کے لئے تیار،مغربی ہواؤں کا سسٹم ملک میں داخل

محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا طاقتور سسٹم آج ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہو گا۔ جس سے آئندہ دو روز کے دوران بلوچستان اور سندھ کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

اس دوران گوادر، کیچ، پنجگور، آواران، بارکھان، کوہلو، سبی، نصیرآباد اور دالبندین سمیت خضدار میں برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

اس کے علاوہ کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، زیارت میں بھی بارش اور بہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔اس دوران صوبے کے اکثر مقامات پر آندھی کے علاوہ جھکڑ چلنے کے ساتھ موسلادھار بارش متوقع ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی جمعے کے روز بادل برسنے کا امکان ظاہر کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعے کے روز کراچی اور مضافات میں کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان جبکہ حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید برآں کل سے یکم مارچ تک جیکب آباد، لاڑکانہ، سکھر اور گھوٹکی سمیت مختلف شہروں میں آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

جبکہ بلوچستان پر اثرانداز مغربی ہواؤں کے سلسلے میں آج سے شدت کا امکان ہے۔

حکام نے یکم مارچ تک بلوچستان کے ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے جبکہ سندھ کے ماہی گیروں کو پیشگوئی کی مدت کے دوران بہت زیادہ محتاط رہنے کا مشورہ دیاہے۔