خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی صوبائی اسمبلیوں میں نو منتخب اراکین نئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے خفیہ رائے شماری کے ذریعے آج ووٹ کاسٹ کریں گے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی آج اپنا نیا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر منتخب کرے گی۔خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج صبح 10 بجے ہو گا جس میں صوبائی اسمبلی کے نومنتخب اراکین اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کیلئے اپنے ووٹ کا استعمال کرسکیں گے۔
بانی پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلی میں اسپیکر کیلئے بابر سلیم اور ڈپٹی اسپیکر کیلئے ثریا بی بی کو نامزد کیا ہے جبکہ اس سے قبل سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کرکے انتخاب سے ایک روز قبل نامزدگی واپس لے لی تھی۔
اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کے لئے احسان اللہ میاں خیل نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کیلئے ارباب وسیم نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کے عہدے کیلئے امیدوار احسان اللہ میاں خیل کا تعلق پیپلزپارٹی اور ارباب وسیم کا تعلق پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز سے ہے۔