راجیو گاندھی قتل کا مجرم ہارٹ اٹیک سے ہلاک

بھارت میں سابق وزیراعظم راجیو گاندھی کے قتل کا مجرم ستھیندر راجہ عرف سنتھان ہارٹ اٹیک سے چل بسا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ستھیندر راجہ عرف سنتھان کو طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، مگر آج اس کی موت واقع ہوگئی۔

بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ستھیندر راجہ عرف سنتھان کو صبح کے وقت ہارٹ اٹیک آیاجس پر اسے اسپتال منتقل کرکے طبی امداد پہنچائی گئی مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔

واضح رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی قتل کیس کے تمام ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

عدالتی حکم میں کہا گیا تھا کہ اگر ان ملزمان کے خلاف کوئی دوسرا مقدمہ زیر سماعت نہیں تو انہیں رہا کردیاجائے۔

جسٹس بی آر گاوئی اور جسٹس ناگارتنا کی بینچ کا کہنا تھا کہ تامل ناڈو حکومت نے ان مجرموں کی رہائی کی سفارش گورنر کو بھیجی تھی لیکن گورنر نے ابھی تک اس پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا گورنر کی جانب سے مجرموں کی رہائی کا فیصلہ لینے میں غیر معقول تاخیر ہوئی، اس لیے سپریم کورٹ نے آرٹیکل 142 کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پیراریولن کی رہائی کا حکم دیا تھا اور اب مشاہدہ کیا کہ پیراریولن کیس میں دیا گیا حکم ان مجرموں پر بھی لاگو ہوتا ہے، اس لیے انہیں بھی فوری رہا کیا جائے۔