اے ایس پی سیدہ شہربانوسعودی حکومت کی شاہی مہمان

یہ انتہائی حوصلہ افزاء اور خوشگوار خبراہل وطن کے لئے حقیقی مسرت کا باعث ہو گی کہ بحیثیت پاکستانی ہمارے کارہائے نمایاں بیرون وطن بھی اعزاز پا رہے ہیں۔

حالیہ دنوں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں ایک خاتون کو پرتشدد ہجوم سے بحفاظت نکال لینے اور انتہائی جرأ ت وہمت کا مظاہرہ کرنے پر اے ایس پی سیدہ شہربانو نقوی کوان کے اہل خانہ کے ہمراہ شاہی دورے کی دعوت دی ہے۔

جناب ِ سفیر نے یہ دعوت نامہ اے ایس پی سیدہ شہربانو کو سعودی سفارت خانے میں ایک ملاقات کے دوران سعودی حکومت کی جانب سے پہنچایا۔ذرائع کے مطابق نواف بن سعید المالکی نے خاتون پولیس افسر کی ہمت اور عزم بالجزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت ان کے خاندان کے ساتھ شاہی مہمان کے طور پر سفر کے تمام تراخراجات برداشت کرے گی۔

انہوں نے اے ایس پی شہر بانو کی ڈیوٹی کے تئیں بے لوث لگن اور ایک غیر مستحکم صورتحال سے نمٹنے میں پیشہ ورانہ مہارت کی تحسین و آفرین کی۔یاد رہے کہ اس سے ایک روز قبل خاتون اے ایس پی سے چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی تھی۔واضح رہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) پنجاب عثمان انور نے سیدہ شہربانو نقوی کو قائداعظم پولیس میڈل (کیو پی ایم) کے لیے بھی تجویز کیا ہے۔