ماہرہ خان اور ہمایوں سعید 9 سال بعد ایک ساتھ

پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان اور خوبرو فنکار ہمایوں سعید کی 9 سال بعد بطور جوڑی سلور اسکرین پر جلوہ گر ہونے کی خبر نے مداحوں کو بے صبر کردیا۔

ماہرہ خان اور ہمایوں سعید 9 سال قبل پاکستانی فلم انڈسٹری کو پھر سے تقویت بخشنے والی فلم ‘بِن روئے’ میں جلوہ گر ہوئے تھے جس میں دونوں کی کیمسٹری فلم بینوں کے دلوں کو چھو گئی تھی۔

دونوں سپر اسٹارز کی جادوئی کیمسٹری نے سب کو اپنا دیوانہ بنا لیا تھا اور اس فلم کے بعد مداح دونوں کو جلد ایک ساتھ دیکھنے کے خواہش مند تھے لیکن ایسا نہ ہوا اور اب ایک طویل عرصے بعد ‘لو گرو’ نامی فلم میں دونوں کا ری یونین ہونے جارہے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ‘لو گرو’ کی کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے جبکہ اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض ندیم بیگ سرانجام دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ‘بن روئے’ کے بعد جہاں ماہرہ خان فلم ‘رئیس’ کے سبب اپنے فن کا لوہا بھارت میں منواچکی ہیں وہیں ہمایوں سعید بھی مشہورِ زمانہ ڈراما سیریز ‘دی کراؤن’ میں لیڈی ڈیانا کی محبت ڈاکٹر حسنات کا کردار نبھا کر اپنی بہترین اداکاری کا ثبوت دے چکے ہیں۔