ترکیہ کے صدر کی شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد

 اسلام آباد: ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے محمد شہباز شریف کو ٹیلیفون کیا اور وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

صدر رجب طیب ایردوان نے شہباز شریف کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کے بحیثیت وزیراعظم انتخاب پر خوشی ہوئی۔ پاکستان اور ترکیہ کی ترقی کے لیے مل کر کام کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان کے تہنیتی جذبات کا خیرمقدم کرتا ہوں۔ طیب ایردوان نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے اور پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ فلسطین کے تنازعات پر آواز بلند کی جو لائق تحسین ہے۔ مسلم ممالک ترکیہ کے اس کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ رجب طیب ایردوان ایک تجربہ کار رہنما ہیں۔ ہمیں ان کے تجربہ سے مستفید ہونے کی ضرورت ہے۔