شہر قائد دوسرے روزبھی کوئٹہ کی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں رہا،محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کی صبح کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک، سرد اور مطلع صاف رہے گا۔
دوسری جانب سردی کی شدید لہر نے پورے سندھ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سردی جاتے جاتے پلٹ کر آگئی، شہریوں نے گرم کپڑے نکال لیے۔شہر قائد میں چند روز تک کوئٹہ کی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مضافاتی علاقوں میں درجہ حرارت 9 سے 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہوسکتا ہے۔محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹر پیش گوئی کے مطابق ہفتہ کوہواؤں کی رفتار27 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کیاگیا،رات کے اوقات میں ہواؤں کا زور ہوگیاتاہم سردی کی لہر برقرار رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے 2 سے 3 روز سردی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران معمول کے درجہ حرارت میں 8 تا 10 ڈگری کمی متوقع ہے۔
کراچی میں سمندری ہوائیں اگلے چند روز تک غیر فعال بھی رہیں گی جبکہ اس دوران بیشتر وقت بلوچستان کی شمال مشرقی/مشرقی سمت کی ہوائیں چل سکتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج(پیر)4 مارچ کو کراچی کا کم سے کم پارہ 10 سے 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ریکارڈ ہوسکتا ہے جبکہ منگل کو کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ اگلے 2 سے 3 روز کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں شمال مغرب سے 16 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 28 فیصد ہے۔