یہ انتہائی افسوسناک خبر گوادر اور گرد ونواح سے آئی ہے۔کہ شدید بارش کے بعدان علاقوں میں تیزی سے وبائی امراض پھوٹنے لگے ہیں۔
گوادر سربندن کے ہسپتالوں میں ڈائریا اور نمونیہ کے مریضوں کی تعداد میں انتہائی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔رپورٹس کے مطابق گوادر اور اس کے ملحقہ علاقوں میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعداکثر متاثرہ علاقوں میں پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی۔
اور جگہ جگہ پانی جمع ہوگیا۔ جس کے باعث شہر میں ڈائریا اور نمونیہ سمیت مختلف امراض پھیلنے لگے۔ محکمہ صحت کے حکام کابھی یہی کہنا ہے کہ بارشوں کے بعد سیوریج کے نامناسب نظام کے باعث برساتی اور نالے کے پانی نے اکثر مقامات پر واٹر سپلائی کی لائنوں کو متاثر کیا ہے
جب کہ آلودہ پانی کے استعمال نے امراض کے پھیلاؤ میں انتہائی اہم کردار اداکیا ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں طوفانی بارشوں کے باعث گوادر کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا گیا تھا۔
مزید برآں شدیدسیلابی صورتحال کے بعد پاک آرمی اور پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ جی ڈی اے انڈس اسپتال انتظامیہ نے سات مختلف ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔اورابھی تک متاثرین کو طبی امدادگوادر سربندن کے مختلف علاقوں میں دی جارہی ہے۔
طبی ماہرین اور شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایمرجنسی بنیادوں پر مؤثر اقدامات نہ کئے گئے تو بارشوں سے شدید متاثرہ ضلع گوادر میں بڑے پیمانے پر وبائی امراض پھیلنے کااندیشہ ہے۔