بلوچستان میں بارشوں کے نئے اسپیل کی پیشگوئی، الرٹ جاری

بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئےاسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے،گوادر سمیت صوبے کے 16 اضلاع متاثر ہونے کا امکان ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث چلاس میں لوئر کوہستان میں 3 روز سے بند شاہراہ قراقرم کچھ دیر بحال ہونے کے بعد ایک بار پھر بند ہوگئی۔بلوچستان کے شمالی علاقوں میں برفیلی ہوائیں چلنے سے معمولات زندگی شدید متاثر ہوگئی۔

بلوچستان میں آج شام سے بارشوں کے نئےاسپیل کی پیش گوئی کی گئی ہے جس کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب گوادر میں تباہ کن بارشوں کے بعد متعدد علاقوں میں اب بھی پانی موجود ہے ،مسلسل کھڑے پانی سے متاثرہ محلوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہانزیب خان نے  شہر کے 85 فیصد سے زیادہ حصے سے پانی نکالنےکا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امدادی سرگرمیوں میں مقامی انتظامیہ، پاک فوج اور دیگراداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ادھر سندھ میں شدید سردی کی لہر میں 6مارچ سے کمی آنے کا امکان ہے ،جمعہ سے درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی پیش گوئی ہے۔