محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا, بلوچستان ،بالائی پنجاب سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں مزید بارشوں اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے جبکہ خیبر پختونخوا، بلوچستان، بالائی پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان ہے جبکہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں موسم سرد اورمطلع ابر آلود رہے گا۔
محکمے نے کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ سیف اللہ،قلعہ عبد اللہ، زیارت، ژوب،شیرانی،موسی ٰ خیل، قلات، خضدار، چاغی اور پنجگور میں بارش کی پیشگوئی ہے،جبکہ تربت، واشک، دالبندین، خاران،گوادر،جیوانی اورپسنی میں مزید بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے علاقے لیہ،بھکر،ڈیرہ غازی خان،فیصل آباد،خوشاب،میانوالی،چکوال،راولپنڈی، جہلم، اٹک، سیالکوٹ، گجرات، نارووال اورلاہور میں بارش کی پیشگوئی ہے اور مری، گلیات اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ سندھ کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ دیر، چترال، کوہستان، شانگلہ، سوات، بونیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ،پشاور،نوشہرہ،کوہاٹ،کرم،بنوں اوروزیرستان میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں مغربی موسمی سسٹم داخل ہوگیا ،پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق شمال مغربی اور جنوبی بلوچستان میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔
چمن شہر اور گردونواح میں رات سے موسلادھار بارش جاری ہے جبکہ قلعہ عبداللّٰہ، شیلاباغ، سرانان، گلستان، جنگل پیر علیزئی، پشین، خانوزئی، تربت، پنجگور اور خاران میں بھی بارش ہوئی،اس کے علاوہ کوژک ٹاپ، توبہ کاکڑی، خواجہ عمران، زیارت، توبہ اچکزئی، کان مہترزئی سمیت پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہوئی،لیویز حکام کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں برفباری سے رابطہ سڑکوں پر آمدورفت متاثر ہو گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر اطہر عباس نے کہا کہ رابطہ سڑکوں سے برف صاف کرنے کے لیے بلڈوزروں سے روڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بالائی علاقوں کے شہر سے زمینی رابطے بحال ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کی پیش گوئی کردی، جس سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے حالیہ سسٹم کے اثرات سے کراچی میں ہواؤں کی رفتار تیز ہوگی، تندوتیز ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جبکہ دن کے بیشتر اوقات میں ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق9مارچ کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا، 9 مارچ والا مغربی سسٹم کراچی سمیت دیہی سندھ تک بھی پھیل سکتاہے،اس سسٹم کے باعث 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔