ایم کیو ایم صدر ِ پاکستان کے عہدے کے لئے آصف زرداری کی حمایت کرے گی

مسلم لیگ (ن) کی ایم کیو ایم اور پاکستان پیپلز پارٹی کو نزدیک لانے کی کوشش بارور ثابت ہوگئی۔

منگل کو رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پی پی کے اہم ترین رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری کے ایم کیو ایم سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے ساتھ ہونے والے رابطے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں خالد مقبول صدیقی نے آصف علی زرداری کے ٹیلی فونک رابطے سے متعلق آگاہ کیا۔

جس کے بعد صدار تی انتخاب میں آصف زرداری کی حمایت کا فیصلہ کیا گیا اور ایم کیو ایم انہیں صدارتی انتخاب کے لیے ووٹ دینے پر رضامند ہوگئی ہے۔

رابطہ کمیٹی کے ارکان کو بتایا گیا ہے کہ پی پی نے ایم کیو ایم کی آئینی ترامیم پر تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری پاکستان کے سابق صدر ہیں جودوہزارآٹھ سے دوہزار تیرہ تک پاکستان کے صدر رہے۔وہ اپنے عہدے پر مدت مکمل کرنے والے پہلے صدرتھے۔

وہ دسمبر دوہزار سات میں سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹوکے قتل کے بعد سے پی پی پی کے اصل رہنما رہے ہیں۔ ان کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری بھی پارٹی کے سربراہ کے طور پرنمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔