کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں مقروض باپ نے 3 بچوں سمیت خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگادی۔
پولیس کے مطابق واقعے میں عارف نامی شخص اس کی 4 اور 5 سالہ بیٹیاں اور 3 سالہ بیٹا جھلس کر شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔
عارف کی ساس نے بتایا کہ عارف لوگوں کا مقروض تھا، تینوں بچے اس کی پہلی بیوی سے ہیں جو کہ انتقال کر گئی تھیں، عارف اور بچے دوسری بیوی کے ساتھ رہ رہے تھے۔
عارف کے سوتیلے بیٹے امان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا باپ ذہنی طور پر پریشان تھا۔عارف کے سوتیلے بیٹے حماد نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہم کام پر تھے جب واقعے کی اطلاع ملی، والد کو پیسوں کی کوئی پریشانی نہیں تھی، ہم کماتے اور والد کا خرچہ پورا کرتے ہیں، تین چار دن سے والد پریشان تھے، وہ راتوں کو اٹھ کر بیٹھ جاتے تھے، کھانا بھی صحیح نہیں کھا رہے تھے۔
عارف سول اسپتال جبکہ تینوں بچے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں زیرعلاج ہیں۔