کائنات کے رازوں کو جاننے کے لیے خلا میں بھیجے جانے والی جیمز ویب ٹیلی اسکوپ نے ایک اور حیران کن دریافت کی ہے۔
جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے ایک ایسے سیارے کو دریافت کیا ہے جو مکمل طور پر گہرے پانی کے سمندر سے بھرا ہوا ہے۔اس دریافت سے زمین سے باہر انسانوں کی رہائش کے قابل سیاروں کی دریافت میں پیشرفت ہوئی ہے۔
جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے ڈیٹا سے سیارے کی فضا میں پانی کے بخارات اور میتھین و کاربن ڈائی آکسائیڈ کے کیمیائی عناصر کا انکشاف ہوا۔یہ سیارہ حجم میں زمین سے دوگنا بڑا ہے اور 70 نوری برسوں کے فاصلے پر واقع ہے۔
برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی اور کینیڈا کی مانٹریال یونیورسٹی کے محققین نے الگ الگ تحقیقی رپورٹس میں جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے ڈیٹا کا تجزیہ کرکے اس سیارے کی تفصیلات بتائیں۔کیمبرج یونیورسٹی کے ماہرین نے بتایا کہ کیمیائی مکسچر سے ایک ایسی آبی دنیا کا عندیہ ملتا ہے جس کی سطح مکمل طور پر سمندر سے ڈوبی ہوئی ہے جبکہ فضا ہائیڈروجن سے بھرپور ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس سمندر کا درجہ حرارت 100 ڈگری سینٹی گریڈ یا اس سے زائد ہو سکتا ہے، مگر یہ واضح نہیں کہ یہ انسانوں کی رہائش کے قابل ہے یا نہیں۔