انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن نے تاریخ رقم کردی، 700 وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ بولر بن گئے

دھرم شالہ میں جاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کے فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن نے بھارتی کھلاڑی کلدیپ کو آؤٹ کرکے نئی تاریخ رقم کردی، اور ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں لینے والے پہلے تیز گیند باز بن گئے۔

اکتالیس سالہ جیمز اینڈرسن نے بھارت کے خلاف 5ویں ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز یہ سنگ میل عبور کیا۔ جیمز اینڈرسن 700 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ بولرہیں۔اکیس سال قبل2003  میں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کرنے والے جیمز اینڈرسن 187 ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں۔

جیمز انیڈرسن نے 26.52 کی اوسط اور 56.9 کے اسٹرائیک ریٹ سے 700 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔ ان کے نام پر 32 پانچ وکٹیں اور 3 دس وکٹیں ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 700 وکٹیں مکمل کرنے والے بولرز میں ان کا تیسرا نمبر ہے، اس سے پہلے دونوں اسپنرز ہیں جنہوں نے یہ کارنامہ سرانجام دے رکھا ہے۔اس سے قبل سری لنکا کے سابق اسپنرز متیھا مرلی دھرن  800 جبکہ آسٹریلیا کے شین وارن 708 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔