رفح میں داخل ہوکر حماس کے خاتمے کا مشن مکمل کریں گے، اسرائیلی وزیراعظم

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ کسی بھی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر ہماری فوجیں رفح میں داخل بھی ہوں گی اور اسرائیل کے خاتمے کے مشن کو مکمل بھی کریں گی۔

یروشلم پوسٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فوجی اڈے ’’عوفر‘‘ کا دورہ کیا اور 636 فیلڈ انٹیلی جنس یونٹ کے کمانڈروں اور فوجیوں سے ملاقات کی۔فوجی اڈے کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نیتن یاہو نے اسرائیلی فوج کو رفح میں داخل ہونے سے روکنے کے عالمی دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں اس دباؤ کا سامنا کروں گا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اتحادی اور دوست ممالک جب حماس کو تباہ کرنے کے اسرائیل کے مقصد کی حمایت کرتے ہیں تو پھر وہ اس مقصد کے حصول کے لیے ہمارے اقدامات کی مخالفت کیوں کرتے ہیں۔

وزیراعظم نیتن یاہو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم رفح میں نہ صرف داخل ہوں گے بلکہ اسرائیلی عوام اور ملک کی سلامتی کے لیے حماس کو ختم کرنے کے اپنے مشن کو مکمل کریں گے۔

یاد رہے کہ امریکا سمیت کئی مغربی ممالک نے رفح میں لاکھوں پناہ گزین فلسطینیوں کو محفوظ مقام تک منتقل کیے بغیر اسرائیل کو کسی بھی فوجی کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکا اور مغربی ممالک کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے معصوم شہریوں کا انخلا نہیں کیا تو رفح میں کسی بھی فوجی کارروائی میں انسانی جانوں کے بڑے پیمانے پر نقصان کا احتمال ہے۔

تاہم اسرائیل نے مغربی ممالک کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے رفح جہاں 23 لاکھ فلسطینی پناہ لیے ہوئے، پر بڑے فوجی حملے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔