وفاقی دارالحکومت کے ائرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں کمپنیوں کی جانب سے شدید عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا جارہاہے۔
شاید یہی دیکھتے ہوئے حکومت نے ٹینڈر کی تاریخ بھی بڑھا دی ہے۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق اسلام آباد ائرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ میں عدم دلچسپی کی وجہ سے سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے ٹینڈر کی تاریخ میں دو ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔
جس کے بعد اب بولی کی تاریخ پندرہ مئی دوہزار چوبیسء مقرر ہوگئی ہے۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے لیے خاطر خواہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔
جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ٹینڈر کی تاریخ میں توسیع کا نیا حکم نامہ جاری کردیا۔
واضح رہے کہ حکومت اسلام آباد، کراچی اور لاہور ائرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے ذریعے اربوں روپے فنڈز اکٹھا کرنے کی خواہشمند ہے۔
اور اسی سلسلے میں ائرپورٹ کو ٹھیکے پردینے کے لئے ملکی اور بین الاقوامی کمپنیوں سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔اسلام آباد ایئرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ اس منصوبہ بندی کا پہلا مرحلہ ہے۔