حکومت نے ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔ اور اس سلسلے میں وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو خصوصی ٹاسک بھی دے دیا ہے۔
اس ضمن میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوا۔ جس میں ملک بھر میں بجلی اور گیس چوروں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو بجلی و گیس چوری میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی اور کریک ڈاؤن کے لئے اسپیشل ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
اس موقع پر ایف آئی اے حکام نے وزیر داخلہ کو یونان کشتی حادثے کی تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی اور یہ اطلاع بھی دی کہ حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی سے روپے کی قدر میں بہتری آئی ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یونان کشتی سانحے میں ملوث تمام عناصر کوان کے حقیقی انجام تک پہنچانا ہوگا۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کو بھی یقینی بنایا جائے۔ساتھ ہی حوالہ ہنڈی میں ملوث افراد کا بھی گھیراؤکیا جائے۔
اجلاس میں ایف آئی اے اہلکاروں کی زیر التوا ترقیوں پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اور وزیر داخلہ نے تمام زیر التوا پروموشن کیسز کو ایک ماہ میں نمٹانے کی ہدایت بھی جاری کی۔