وزیراعظم اور کابینہ اراکین نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کافیصلہ کرلیا

وزیراعظم شہباز شریف سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کرلیاہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور دیگر مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ کفایت شعاری اختیار کرنے کے تناظر میں لیا گیا ہے۔اجلاس میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو آئی ایم ایف کیساتھ اسٹاف لیول ایگریمنٹ پرتفصیلی بریفنگ دی۔

جس میں انھوں نے بھرپور امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے سے معیشت میں بہتری آنے کے زبردست امکانات موجود ہیں۔جو بیرون ممالک سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزیداضافے کا باعث ہوگا۔

مزید برآں کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنزہولڈنگ کمپنی تشکیل کرنے کی منظوری بھی دے دی، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہولڈنگ کمپنی پی آئی اے کی نجکاری کی طرف اہم پیش قدمی ہے۔جو ایئر لائن کی حقیقی فلاح کے لئے حکومت کی تشکیل کردہ حکمت عملی کا حصہ ہے۔

علاوہ بریں وفاقی کابینہ نے میرعلی دہشت گرد حملے کے شہداکو خراج عقیدت بھی پیش کیا اور فاتحہ خوانی کی اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔