کے پی حکومت دو سو بیاسی ارب سے زائد کی مقروض

ایک مصدقہ اطلاع کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کی دو سو بیاسی ارب روپے سے زیادہ کی مقروض ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت نے ایشیائی ترقیاتی بینک سے دو سو بیاسی ارب اٹھائیس کروڑبیس لاکھ روپوں کاقرضہ حاصل کیا۔

جس میں بی آر ٹی سمیت دس منصوبوں کیلئے ایک سو اڑتیس ارب اڑتیس کروڑاسی لاکھ روپے کا قرضہ لیا گیا۔ جبکہ توانائی کے منصوبوں کیلئے تریپن ارب انتیس کروڑاسی لاکھ روپے کاادھار لیا گیا۔

مزید برآں آبپاشی کے منصوبوں کیلئے اکیس ارب سرسٹھ کروڑستر لاکھ روپوں کے قرضہ جات بھی حاصل کئے گئے۔ مزیدعلاقائی ترقیاتی منصوبوں کیلئے چودہ ارب تیئس کروڑ پچاس لاکھ روپے بھی حاصل کئے گئے۔

اس ضمن میں مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایشیائی ترقیاتی بینک کی تین سو نو ارب روپوں کی مقروض ہے۔

اور یہ قرضے اکتیس دسمبر دوہزار تیئس تک حاصل کئے گئے ہیں۔ ان قرضوں کاواحد مقصد اہم منصوبوں کی مالی اعانت ہے، قرضے طویل المدت بیس سے پچیس سال کے عرصے پر محیط ہیں اورکم شرح منافع پر حاصل کئے گئے ہیں۔

ان قرضہ جات کی وصولیابی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام رقم آئندہ پانچ سال میں صوبائی حکومت کو مل جائیں گے۔