تیئس مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں ملک کے لیے نمایاں خدمات سر انجام دینے والے افراد کو صدارتی و سول ایوارڈز دینے کی تقریب کا انعقاد کیا تھا۔
اور اس تقریب میں شعبہ ادب، موسیقی، فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے مایہ نازادباء اور فنکارشامل ہوئے تھے، جنہیں ان کی گراں قدر خدمات کے عوض صدارتی اعزازات سے نوازا گیا تھا۔
اس قومی موقع پر پاکستان کی خوبرو اور باصلاحیت اداکارہ سجل علی کو‘تمغہ امتیاز’سے نوازا گیا، اورسجل علی کو گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے تمغہ امتیاز دیا گیا۔
واضح رہے سجل علی پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ہیں جن کی شہرت سرحد پار بھی پھیلی ہوئی ہے۔
اور صرف وطن ِ عزیز ہی نہیں بھارت اور دیگر ممالک میں بھی انھیں تحسین کی نگاہوں سے دیکھا جاتاہے۔اس لئے سجل علی کو صدارتی ایوارڈملنے پر اس کی دھوم بالی وڈ میں بھی سنی گئی ہے اورکئی بھارتی اداکاراؤں کی جانب سے سجل علی کومبارکباد دی گئی ہے۔
اس موقع پر سجل علی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہیں‘تمغہ امتیاز’سے نوازا جارہا ہے، اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ میں تمغہ امتیاز حاصل کرکے واقعی خود کو خوش قسمت محسوس کررہی ہوں۔
ان کا مزید کہناتھا کہ میں اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کی شکرگزار ہوں اور ساتھ ہی اپنے خاندان اور تمام مداحوں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتی ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ میں اپنی مرحوم والدہ کی مقروض ہوں کیونکہ میں اُن کی محنت اور دُعاؤں کی بدولت ہی اس مقام تک پہنچی ہوں۔