معروف پاکستانی ٹک ٹاکر حریم شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے برطانیہ قیام کے سلسلے میں برطانوی حکومت کی جانب سے فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش دی گئی ہے۔
حریم شاہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ برطانیہ میں رہائش دنیا میں سب سے مہنگی ہے۔لیکن میں اس معاملے میں بہت خوش قسمت ہوں کیونکہ مجھے میرے ایک بہت ہی اچھے دوست نے لندن میں ایک خوبصورت فرنشڈ اپارٹمنٹ گفٹ کیا ہے۔
اور میں اُسی اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر ہوں۔مشہور زمانہ حریم شاہ نے کہا کہ اس کے علاوہ، میرے ساتھ پیش آنے والے حالیہ واقعات (دھمکیاں اور بلیک میلنگ) کے بعد برطانوی حکومت نے نہ صرف مجھے فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش دی ہے بلکہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے سیکورٹی بھی مہیا کردی ہے۔
یہاں لندن میں میرا کسی بھی چیز کا کوئی خرچہ نہیں ہے۔ان کا مزید کہناتھا کہ مجھ سے بے شمار لوگ محبت کرتے ہیں اور وہ اپنی محبت کے اظہارکے لئے مہنگے مہنگے تحائف بھی دیتے ہیں لہٰذا میرے لیے لندن میں رہنا کچھ مشکل نہیں ہے۔
یہاں میرے کافی تعلقات ہیں۔ لوگ لندن میں رہائش کے لیے ترستے ہیں اور یہاں لوگوں کو اپنا گھر بنانے میں کئی سال لگ جاتے ہیں لیکن مجھے یہاں گفٹ میں تیار شدہ اپارٹمنٹ مل گیا۔انھوں نے اپنی خوش قسمتی پر ناز کرتے ہوئے کہا کہ میں پیدائشی طور پر ہی خوش قسمت ہوں، پاکستان میں بھی کروڑوں لوگ گوگل پر مجھے سرچ کرتے ہیں،
اللہ تعالیٰ نے مجھے بہت شہرت،عزت اور دولت سے نوازا ہے۔یاد رہے کہ حال ہی میں حریم شاہ کو دھمکیاں موصول ہوئی تھیں جس کے بعد لندن پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے انھیں تحفظ فراہم کیا گیا۔
علاوہ بریں برطانوی پاکستانیوں کے ایک گروپ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ حریم شاہ نے مانچسٹر میں 6 ہزار پونڈ چوری کئے ہیں اور لندن فرار ہوگئی ہیں۔