گوشت کی اندھا دھند ایکسپورٹ،شدید ترین بحران کا خطرہ

وطن ِ عزیزسے اسمگلنگ اور گوشت کی بے تحاشا ایکسپورٹ کی وجہ سے ملک میں گوشت کا شدید بحران پیدا ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔

مرکزی صدر آل پاکستان جمعیت القریش میٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن خورشید قریشی کا کہنا ہے کہ ملک سے زندہ جانوروں کی اسمگلنگ اور گوشت کی بے محابا ایکسپورٹ کی وجہ سے اہل وطن کے لئے گوشت سے محرومی کے خطرات پیدا ہورہے ہیں۔

آئندہ دنوں میں گوشت کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہونے کے شدید خدشات ہیں۔ ایکسپورٹ کی ناقص ترین پالیسیوں نے سارے سسٹم کا دیوالیہ نکال دیا ہے۔

گوشت کی قیمتوں میں اضافے کے سبب سو سے زائد اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں جس تیزی سے ہوشربااضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اس سے ملک کے غریب توکیاپیسے والے لوگ بھی پریشانی ء حالات کا شکار ہوگئے ہیں۔

قوت خرید کی انتہائی کمی سے کاروباری حلقہ بھی شدید متاثر ہوا ہے، انھی بے سروپا پالیسیوں نے پچیس کروڑ عوام کو محروم ومفلوج کردیا ہے۔نہ صرف یہ کہ گوشت عوام کی قوت خرید سے بہت دور ہو چکا۔بلکہ گوشت کے پیشے سے وابستہ لاکھوں افراد بے روزگار ہو چکے ہیں۔

انھوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ایمرجنسی بنیادوں پرایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔