In Italy, citizens are encouraged to adopt goats

یہ خبر حیرت انگیز بھی ہے اوردلچسپ بھی کہ اٹلی کے جزیرے ایلیکوڈی کے میئر نے جزیرے کے رہائشی شہریوں کو آوارہ پھرنے والی تمام بکریوں کو پکڑ کر اپنی ملکیت میں لینے کی اجازت دے دی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلیکوڈی کے میئر ریکارڈو گولونے یہ غیر معمولی پیشکش اس وجہ سے کی ہے کہ حکومت جزیرے پر بکریوں کی حد سے تجاوز کرتی تعداد کے مسئلے کو حل کرنے کی کوشش میں ناکام رہی ہے۔

دراصل اس چھوٹے سے جزیرے پر جنگلی بکریوں کی آبادی انسانی آبادی سے تقریباً 6 گنا زیادہ بڑھ چکی ہے۔

اور اسی لئے جزیرے کے میئر نے“adopt a goat”کا پروگرام متعارف کرایا ہے۔میئر ریکارڈو کے مطابق مقامی شہریوں کو حکومت کو درخواست ای میل کرنا ہوگی جبکہ 17 ڈالر اسٹیمپ فیس کے بھی ادا کرنے ہونگے۔

اس کے بعد وہ جس قدر چاہیں بکریاں پکڑ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ اس اسکیم میں وہ تمام بکریاں اور بکرے شامل ہیں جو کہ آوارہ گھوم رہے ہیں اور جن کا کوئی مالک بھی نہیں ہے۔

تاہم میئر نے یہ آفر بکریوں کو جزیرے پر ہی رکھنے کیلئے نہیں کی، حکومت کی جانب سے درخواست موصول ہونے کے بعد سے شہریوں کی جانب سے پکڑی گئیں تمام بکریاں 15 دنوں کے اندر اندر جزیرے سے باہر بھیجنا ہوں گی۔