بھارت کی پاکستان کے اندر کارروائی کی کھلے بندوں دھمکی

بھارت کی دیدہ دلیری اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ اب گالیاں بکتے ہوئے منہ چڑانے پر کمربستہ ہے۔حالیہ دنوں بھارت کے وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے دھمکی دی ہے کہ اگر کوئی دہشت گرد ہمارے ملک میں کارروائی کے بعد سرحد پار کرجاتا ہے تو پاکستان کے اندر داخل ہو کر اس کو مار دیں گے۔

عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ نے سی این این نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں اعلانیہ فساد آمادگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی دہشت گرد کارروائی کرنے کے بعد پاکستان میں جا کر پناہ لیتا ہے تو ہم وہاں داخل ہو کر کارروائی کریں گے۔

بھارتی وزیردفاع کی جانب سے یہ بیان برطانوی اخبار گارجین کی اس رپورٹ کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت کے حکم پر بیرونی سرزمین میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے منصوبے کے تحت پاکستان میں دوہزار بیس سے اب تک بیس افراد قتل کردیے گئے ہیں۔

بھارت کی وزارت خارجہ نے مذکورہ رپورٹ پر درخواست کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا۔ جبکہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ردعمل دینے سے انکار کیا اور پاکستان دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزامات مسترد کرتا آیا ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے ایک استفسارپر کہا کہ اگر وہ پاکستان بھاگ گئے تو ہم ان کو قتل کرنے کے لیے پاکستان میں داخل ہوجائیں گے۔

بھارتی وزیر دفاع کا کہنا تھا بھارت کی ہمیشہ سے یہ خواہش رہی ہے کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوں لیکن اگر کوئی بھارت کو با ر بار میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ بھارت میں داخل ہوکر دہشت گردسرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے تو ہم برداشت نہیں کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات دوہزار انیس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں پر ہونے والے حملے کے بعد بھارت کے الزامات کے بعدسے کشیدہ ہیں۔