کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

حکومت نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں وجرائم پیشہ عناصر کیخلاف بڑےمشترکہ آپریشن کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق نیکٹا ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کی، اجلاس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سربراہ نیکٹا، ڈی جی ایف آئی اے سمیت چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کے داخلہ سیکرٹریزاور آئی جیز بھی شریک ہوئے۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل کوآرڈینٹر نیکٹا، نیشنل ایکشن پلان اور خفیہ اداروں کی ٹیمیں بھی موجود تھیں، آئی جی اسلام آباد اورچیف کمشنراور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں ڈاکوؤں کیخلاف بڑے مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ مشترکہ آپریشن سے کچے کے علاقے سے  شرپسندعناصر کا مستقل خاتمہ کیا جائے گا، آپریشن کے لئے  ڈرونز سمیت جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کچے کے حوالے سے تمام انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کر لی گئیں ہیں۔