پاکستان کی نامور میزبان و اداکارہ مایا خان نے لڑکیوں کے رشتے دیکھنے آنے والی خواتین کے رویے اور پاکستانی رشتہ کلچر کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
پاکستان کی نامور میزبان و اداکارہ مایا خان پاکستان میں خواتین کے حقوق اور متعدد ٹاپک پر اپنی رائے کا اظہار کرتی رہتی ہیں تاہم اب انہوں نے لڑکیوں کے رشتے دیکھنے آنے والی خواتین کے رویے کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
مایا خان کی ایک ویڈیو انسٹاگرام پر منظر عام پر آئی جس میں انہوں نے شادی کی منتظر لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے بات کر رہی ہوں جس کے گھر لوگ آئے چائے پی، کچھ سموسے کھائے، باتیں بنائیں اور کہا کہ ہمیں سوچنے کے لیے کچھ وقت چاہیے اور چلے گئے۔
مایا خان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’آپ وہ جس کے گھر لوگ آئے چائے پی، کچھ کھائے، اور تھوڑے دنوں کے بعد فون کر کے یہ کہہ دیا استخارہ ٹھیک نہیں آیا، آپ وہ، جو اس انتظار میں رہتی ہیں کہ آج بڑوں نے کہا ہے کہ آج پھر کوئی آنے والا ہے، آپ، جسے کہا جاتا ہے کہ آفس سے جلدی گھر آنا، تمھیں دیکھنے کے لیے لوگ آرہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’’آپ جو یہ سوچ سوچ کے تھک گئی ہیں کہ کب تک شوروم میں رکھا ایک پروڈکٹ ہوں، آپ جس نے زندگی کے خوشگوار پل یہ سوچنے میں گزار دیے کہ اب جو دیکھنے آرہے ہیں وہ کیا جواب دیں گے‘۔
انہوں نے کہا کہ میں لڑکیوں کو کہنا چاہتی ہوں، آپ شو روم یا میوزیم میں رکھا کوئی سجاوٹ کا سامنا نہیں ہیں جنہیں دیکھیں اور ریجیکٹ کردیں۔