کراچی میٹرک بورڈ کے امتحانات میں پہلا پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، چیئرمین میٹرک بورڈ کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پرپرچہ آنا آؤٹ ہونے کے زمرے میں نہیں آتا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میٹرک بورڈ کے تحت آج سے سالانہ امتحانات کا آغاز ہوگیا تاہم میٹرک انتظامیہ نقل مافیا کو لگام دینے میں بری طرح ناکام ہے۔
آج نویں جماعت کا کمپیوٹراسٹڈیز کا پرچہ لیا جارہا ہے۔ دوسری جانب امتحانات کے دوران کراچی میں دفعہ ایک سوچوالیس بھی کام نہ آئی اور پہلاپرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
امتحان شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد واٹس ایپ گروپس میں کمپیوٹراسٹڈیز کا پرچہ آوٹ ہوا۔اک طرفہ تماشہ اندرون سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی جاری رہا۔
جہاں میٹرک امتحانات کے دوران پرچہ قبل از وقت آؤٹ ہونے اور کھلے عام نقل جار ی و ساری رہی۔ جب کہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی رہی۔طلبہ وطالبات نے بلا خوف وخطر نقل کی جس کے لئے موبائل فون کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔
معمول کی طرح میٹرک امتحانات میں آج کا پرچہ بھی وقت سے قبل آؤٹ ہوگیا، پرچہ آدھے گھنٹے قبل ہی سوشل میڈیا پرآؤٹ ہوا۔
شہید بینظیر آباد بورڈکے تحت میٹرک کابائیولوجی کاپرچہ لیاجارہا ہے تاہم بورڈ انتظامیہ نقل مافیا کے آگے مجبور ِ محض ہے۔