خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے اسلام آباد میں 16 آئی ٹی لیب کے قیام کا فیصلہ
وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تعاون سے وفاقی دارالحکومت کے تعلیمی اداروں میں 16 جدید ترین آئی ٹی لیب قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جہاں نوجوانوں کو جدید ترین ہنر سکھائے جائیں گے۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ جدید ترین آئی ٹی لیب اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں واقع 16 ڈگری کالجز میں قائم کی جائیں گے۔ جہاں نوجوانوں کو جدید ترین ہنرسکھائے جائیں گے جس سے ان کے لیے روزگار کے موقعوں میں اضافہ ہوگا۔
ان آئی ٹی لیب میں طلبا کو بلاک چین، ڈیٹا سائنس، مصنوعی ذہانت اور گیم ڈویلپمنٹ میں 6 ماہ کے کورسز کرائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں تقریبا 1ہزار طلبا کو کورسز پیش کیے جائیں گے۔ جو مارکیٹ کی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
یہ کورسز مئی 2024 کے دوسرے ہفتے میں شروع ہوں گے۔ وزارت تعلیم نے مزید بتایا کہ اب تک ان کورسز کے لیے 3 ہزار6 سو طلبا اندراج کراچکے ہیں۔ ان کورسز کو نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن نے نسٹ، نیشنل اسکلز یونیورسٹی، کامسیٹس اور نمل جیسی معروف یونیورسٹیوں کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وفاقی وزارت تعلیم کی جانب سے ان 16 جدید ترین آئی ٹی لیب تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہے۔