ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ پاک فوج اور دیگر ادارے دہشتگردوں کی راہ میں آہنی دیوار ہیں۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ افواج پاکستان کی اولین ترجیح ملک میں امن کا قیام ہے، خطے کے استحکام کیلئے پاکستان کا کردار سب سے اہم ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ حالیہ دہشتگرد واقعات کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کونشانہ بنایا، سیکیورٹی فورسز نے بہادری سے مچھ میں حملہ ناکام بنایا۔ بلوچستان، کے پی میں دہشتگرد امن خراب کرنے میں مصروف ہیں مگر پاک فوج اور دیگرادارے دہشتگردوں کی راہ میں آہنی دیوارہیں۔
میجر جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان بڑھ چڑھ کر افغان مہاجرین کی مددکررہا ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دیں، ٹی ٹی پی افغان سرزمین سے پاکستان میں کارروائیاں کرتی ہے، ٹھوس شواہد ہیں ٹی ٹی پی افغان سرزمین استعمال کررہی ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ غیرقانونی تارکین وطن ملکی معیشت پربوجھ تھے، ابتک 5 لاکھ 63ہزار سے زائد افغان باشندے واپس جاچکے ہیں۔ دہشتگردوں کی سرکوبی کیلئے ہرحد تک جائیں گے۔ پاکستان اپنےشہریوں کے تحفظ کیلئے کوئی کسراٹھانہیں رہےگا۔