بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ 2014 کے دھرنے کی انکوائری کیلئے تیار ہوں۔
بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ 2014 کے دھرنے کی انکوائری کے لیے تیار ہوں، مجھے خوشی ہوگی کہ مجھے انکوائری کمیٹی میں پیش کیا جائے ، 2014 کے دھرنے کے حوالے سے مجھ پر جتنے الزامات لگائے گئے سب غلط ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کا الیکشن آر اوز کا الیکشن تھا ۔نگران وزیراعظم کے فارم 47 کے حوالے سے بیان کے بعد وفاقی حکومت سے کیا مذاکرات ہوسکتے ہیں ،صدر ،وزیراعظم ، وزیراعلی پنجاب ،اور سینٹ الیکشن فراڈ ہیں۔
عمران خان نے انکشاف کیا کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں نے پرائیویٹلی ہمیں بتا دیا تھا کہ جب تک قاضی فائز عیسیٰ چیف جسٹس نہیں بنتے نہ الیکشن ہوں گے نہ نواز شریف واپس آئے گا ۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ میرا آدھا خاندان فوج اورآدھا خاندان بیوروکریسی میں ہے، فوج ہماری ہے اور ہمیں فوج سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔9 مئی سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 9 مئی واقعات کا مجھے اس وقت پتہ چلا جب مجھے سپریم کورٹ میں پیش کیا گیا،9 مئی واقعات کی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے سامنے مذمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خدا کے واسطے فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹیں،ہم نے اپنی 27 سال کی تاریخ میں کبھی جلاؤ گراؤ نہیں کیا ۔ دو حکومتیں ہم نے انتخابات کیلئے تحلیل کیں سیاسی جماعت انتشار نہیں چاہتی۔