طویل مدتی قرض پروگرام پر مذاکرات، آئی ایم ایف کی معاون ٹیم پاکستان پہنچ گئی

عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف ) کی معاون ٹیم کا وفد طویل مدتی قرض اور مالی سال 2024-25 کے بجٹ کے سلسلے میں پاکستان پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق طویل مدتی قرض پروگرام پر مذاکرات کے پہلے مرحلے میں آئی ایم ایف کا وفد پاکستان پہنچ گیا ہے۔ آئی ایم ایف کے سربراہی مشن کا 16 مئی کی رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔

مذاکرات کے لیے پاکستان پہنچنے والے آئی ایم ایف مشن کے کچھ ممبران پاکستان پہنچ گئے۔ آئی ایم ایف کا وفد قرض کے سلسلے میں پاکستان کی معاشی ٹیم کے ساتھ بات چیت کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیم مختلف محکموں سے ڈیٹا حاصل کرے گی جبکہ مشن کے ممبران وزارتِ خزانہ کے حکام سے مل کر بجٹ 2024-25 پر بھی کام کریں گے۔

پاکستان کی جانب سے آئی ایم ایف کے ساتھ 4 سالہ نئے پروگرام کے لیے مذاکرات شروع کردیے ہیں جس کے بعد 8 ارب ڈالر ملنے کی توقع ہے۔ اس سلسلے میں عالمی مالیاتی ادارے کا یہ مشن 10 روز سے زائد پاکستان میں قیام کرے گا۔

دوسری طرف آئی ایم ایف نے پاکستان سے آئندہ بجٹ میں 1300 ارب روپے کے اضافی ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کر رکھا ہے۔