وزیراعظم سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر محترمہ جین میریٹ نے ملاقات کی ، ملاقات میں دو طرفہ اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر محترمہ جین میریٹ نے ملاقات کی ، ملاقات میں اکنامکس اینڈ ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ، فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس لندن کے چیف اکانومسٹ و ڈائریکٹر پروفیسر عدنان خان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں ، پاکستان ، برطانیہ اور دیگر ممالک سے سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ، غذائی تحفظ ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ،سیاحت ،کان کنی اور دیگر شعبوں میں بے پناہ استعداد ہے، ہم حکومتی گورننس کے ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی طرف گامزن ہیں۔

انہوں نے مزیدکہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن حتمی مراحل میں ہے ، ملکی معیشت کی بحالی کے لئے میکرو اور مائیکرو اکنامک سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔برطانوی وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایجوکیشن ایمرجنسی کے اقدام کو سراہا، ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔