انڈونیشیا کے مغربی صوبے سماٹرا میں شدید بارشوں کے باعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 34 افراد ہلاک اور 16 لاپتہ ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صوبائی ریسکیو ٹیم کے سربراہ عبدالمالک نے بتایا کہ 34 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی (بی این پی بی) نے ایک بیان میں کہا کہ آنے والے سیلاب سے تاناہ داتار ریجنسی زیر آب آگئی جس سے 5 ذیلی اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی نے بتایا کہ ان کے تازہ ترین جائزے کے مطابق 84 ہائوسنگ یونٹس اور 16 پل بھی تباہ ہوگئے ہیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے صوبے سماترا میں بارشوں نے سیلابی صورت اختیار کرلی جبکہ ایک آتش فشاں بھی پھٹ گیا جس سے نکلنے والا سیلابی ریلے میں مل کر ٹھنڈا ہوگیا۔
لاوے اور کیچڑ ملے سیلابی ریلے نے اپنے راستے میں آنے والی ہر چیز کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ بہہ جانے والے افراد کی لاشیں دور دراز علاقے سے مل گئیں۔ 16سے زائد شہری لاپتہ ہیں جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔