مظاہرین پر طاقت کے استعمال سے مسئلہ مزید بگڑ جائے گا: علی رضا سید

چیئرمین کشمیر کونسل ای یو علی رضا سید نے خبردار کیا ہے کہ دشمن آزاد کشمیر کی خراب صورتحال کا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔ طاقت اور جبر کا استعمال مسئلے کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر میں مظاہرین پر تشدد اور امن و امان کی صورتحال بگڑنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پُرامن مذاکرات کے ذریعے لوگوں کے مطالبات کو پورا کیا جائے۔

اس حوالے سے انہوں نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے مظاہرین پر طاقت کے استعمال سے مسئلہ مزید بگڑ جائے گا اور دشمن اس صورتحال سے بھرپور فائدہ اٹھائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ مظاہرین کے مطالبات جائز ہیں اور ان پر تشدد کسی کے مفاد میں نہیں۔ تشدد کے بجائے مظاہرین سے بات چیت کی جائے۔

علی رضا سید کا کہنا ہے کہ آٹا اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف احتجاج کرنا لوگوں کا حق ہے۔ لوگوں کے جذبات کو سمجھا جائے اور ان کا احترام کیا جائے اور ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرکے ان کا پُرامن حل تلاش کریں۔ان کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کی حکومتوں کا فرض ہے کہ وہ آزاد کشمیر کے لوگوں کی بات سنیں جبکہ مظاہرین کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ پرامن رہیں اور کسی بھی صورت تشدد کا راستہ اختیار نہ کریں۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے آزاد کشمیر میں مظاہرین پر تشدد بالخصوص میرپور میں ایک سب انسپکٹر کی موت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر سخت تشویش اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے جانبحق ہونے والے پولیس سب انسپکٹر کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اس واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیں۔

علی رضا سید نے کہاکہ اگر حکومت نے پُرامن حل تلاش نہ کیا تو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور تشدد کے خلاف ہمارا موقف کمزور ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت جو اس وقت انتخابی مہم چلارہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھی انتخابی ڈھونگ کے ذریعے دنیا کی نظریں مسئلہ کشمیر سے ہٹانا چاہتی ہے، آزاد کشمیر کی صورتحال کو اپنے مفاد میں حربے کے طور پر استعمال کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر کے لوگوں نے نہ صرف پاکستان کے دفاع کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں بلکہ بجلی کی پیدوار اور دیگر معاشی امور کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے حکام ہوش کے ناخن لیں اور آزاد کشمیر کے معاملات پر ناقص اور کمزور پالیسیوں سے گریز کرکے پاکستان کے دفاع اور مقبوضہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کو مضبوط بنائیں۔ دشمن کو ہرگز موقع نہ دیں کہ وہ حالات کو مزید خراب کرنے کے لیے سازش کرے۔

علی رضا سید نے کہاکہ انہوں نے آزاد کشمیر کی گھمبیرصورتحال پر صدور اور وزرائے اعظم سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کے اعلیٰ حکام کو خطوط بھی لکھے ہیں۔