وزیر اعلیٰ پنجاب کا قومی ہاکی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کیلیے 20لاکھ روپے انعام کا اعلان بہت کم ہے ہمارے ہیروز کیلئے نقد انعام کو 20 لاکھ سے بڑھا کر 3 کروڑ کرنے کا اعلان کرتی ہوں۔

تیسویں سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ کی سلور میڈلسٹ قومی ہاکی ٹیم نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے وزیر اعلی ہاؤس پنجاب میں ملاقات کی۔

اس موقع پروزیر اعلی پنجاب کا کہناتھا کہ ہمارے ہیروز ہمارا اثاثہ ہیں .ہم انکی ہر طرح سے بھرپور سپورٹ کریں گے۔وزیر اعلی پنجاب وزیر کھیل کو ہدایت دیتی ہوں وہ کھلاڑیوں کو ہر طرح کی سہولیات فراہم کریں۔ وزیرِ اعلی پنجاب نے کہا پی ایچ ایف سمیت آفیشلز و کھلاڑی داد کے مستحق ہیں۔ یہ کامیابی سب ٹیم کمبینیشن کی وجہ سے ملی ہے۔کپتان ہاکی ٹیم، تمام کھلاڑیوں، آفیشلز اور ہاکی فیڈریشن کو قائد نوازشریف، وزیراعظم شہبازشریف اور اپنی طرف سے شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔قومی ہاکی ٹیم نے آج سلور میڈل حاصل کیا ہے انشا اللہ اگلی بار گولڈ میڈل پاکستان کیلئے لیکر آئیں گے۔

قومی ٹیم کپتان عماد شکیل بٹ نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلی پنجاب قومی ٹیم کی حوصلہ افزائی پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں .عالمی رینکنگ میں تنزلی فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے ایونٹس میں عدم شرکت کی وجہ سے ہوئی۔

عماد شکیل بٹ نے کہا ہماری درخواست ہے حکومت نے ڈیپارٹمنٹس بحالی کا جو اعلان کیا تھا اسکو عملی جامہ پہنائیں تاکہ کھلاڑیوں کے معاشی مسائل دور ہوسکیں۔ملاقات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی، سیکرٹری جنرل اولمپین رانا مجاہد علی،ٹیم آفیشلز و کھلاڑی بھی موجود تھے۔