حکومت نے عوام کی سہولت کیلئے اہم فیصلے کرتے ہوئے شناختی کارڈ بنوانے والوں کی بڑی مشکل حل کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادراہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ، جہاں کانفرنس روم میں اجلاس ہوا ، جس میں نادرا کو عوام کے لئے مزید فرینڈلی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، اجلاس میں عوام کی سہولت کیلئے اہم فیصلے لئے گئے۔
جس کے تحت ملک بھر میں یونین کونسل سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت دی جائے گی جبکہ یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی۔یو سی سطح پر سہولت فراہم کرنے کے پلان کوچند روز میں حتمی شکل دینےکی ہدایت کردی گئی ہے۔
وفاقی وزیر نے شناختی کارڈز کےنظام کو فول پروف بہتر اور تیز رفتار بنانے کاپلان طلب کرتے ہوئے کہا نادرا سینٹرز کے دورے کئے حالات کا جائزہ لیا کہ عوام کو مشکلات ہیں۔محسن نقوی نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کرلیا۔
کراچی، لاہور،پشاور،کوئٹہ،اسلام آباد،راولپنڈی میں مزید سینٹرز بنانےکیلئےاقدامات کی ہدایت دے دی۔وزیرداخلہ نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لئے مؤثر ایکشن کا حکم دے دیا۔