ننھے یوٹیوبر شیراز وی لاگنگ کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے

شیراز نے بہت کم وقت میں سب کے دلوں کو جیتا جو اپنی بہن مسکان کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر وی لاگنگ کرتا تھا اور وہ اپنی گاؤں کی زندگی کو دکھاتا تھا۔

شیراز کے وی لاگز لوگوں کو اس قدر پسند آئے کہ اس کے یوٹیوب چینل پر لاکھوں سبسکرائبر ہیں اور بڑی تعداد میں لوگ شیراز کے وی لاگز کو دیکھتے ہیں۔

شیراز کی ویویر شپ پر یوٹیوب کی جانب سے پہلے اسے سلور اور پھر گولڈن بٹن سے بھی نوازا گیا۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے ننھے یوٹیوبر نے وی لاگنگ کو خیرباد کہہ دیا۔

شیراز نے اپنے یوٹیوب چینل پر آخری ویڈیو ڈالی ہے جس میں اس نے سفید رنگ کا مقامی لباس اور گلگتی ٹوپی پہنی ہوئی ہے۔شیراز نے اپنی ویڈیو میں بتایا کہ اسے وی لاگز بنانا پسند ہے اور آج اس کا یہ آخری وی لاگ ہے کیونکہ والد کی جانب سے پڑھائی پر توجہ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ویڈیو میں شیراز کو وی لاگنگ چھوڑنے پر جذباتی ہوتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔