وزیراعظم کی بشکیک میں پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنیکی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلبہ کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وہ مسلسل اپنے آپ کو صورت حال سے آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور پاکستانی طلبہ کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کر کے طلبہ سے ملاقات کی ہدایت کی۔وزیراعظم آفس کے مطابق پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ واقعے میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، پاکستانی سفیر نے وزیراعظم کو بتایا کہ سفارتخانہ زخمی طلبہ کی معاونت کر رہا ہے۔

شہباز شریف نے  پاکستانی سفیر کو تاکید کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے والدین سے مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کومعلومات فراہم کرتے رہیں، جو زخمی طلبہ پاکستان واپس آنا چاہتے ہیں، ان کی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے، زخمی طلبہ کی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ کرغزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس صورتحال میں اپنے طلبہ کو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، حکومت پاکستان کرغزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطے میں ہے۔