پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 26 کھرب روپے کے اضافے سے بھی تجاوزکر گیا

پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ (جولائی تا جنوری) کے دوران بڑھ کر 26 کھرب 36 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔

مصدقہ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت کی جانب سے گردشی قرضے کو 23 کھرب 10 ارب روپے تک رکھنے کے ہدف سے بڑھ چکا ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے جاری حالیہ اعداد و شمار کے مطابق جنوری 2024 میں گردشی قرضہ 84 ارب روپے بڑھ کر 26 کھرب 36 ارب روپے تک پہنچ گیا، جس کا حجم دسمبر 2023 کے اختتام تک 25 کھرب 51 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ ٹیرف میں سالانہ، سہ ماہی اور فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں اضافے کے باوجود گردشی قرضہ بڑھتا رہا اور مالی سال کے ابتدائی 7 ماہ کے دوران اس میں 325 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

سرکلر ڈیٹ رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کے باوجود نہ صرف موجودہ مالی سال بلکہ پچھلے سال میں بھی گردشی قرضے میں مسلسل اضافے کا رجحان رہا۔