چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی سے چیف آف ڈیفنس فورسز آسٹریلیا کی ملاقات

راولپنڈی: آسڑیلین چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل اینگس جے کیمبل کا جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آسڑیلین چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل اینگس جے کیمبل راولپنڈی میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز پہنچے، جہاں انہوں نے اپنے ہم منصب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل اینگس کیمبل 13 ویں پاکستان آسٹریلیا راؤنڈ برائے دفاعی اور سیکیورٹی مذاکرات کے لئے پاکستان میں ہیں، جنرل اینگس کیمبل 1.5 ٹریک سیکیورٹی ڈائیلاگ کے 10 ویں دور میں بھی شرکت کریں گے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملاقات کے دوران دفاعی اور سیکیورٹی تعاون، علاقائی صورت حال اور عالمی سلامتی کے چیلنجز پر بات چیت ہوئی جب کہ دونوں جانب سے سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید مضبوط اور وسعت دیںے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آسٹریلوی جنرل نے پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ وارانہ معیار اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں کو سراہا اور جنرل اینگس کیمبل نے علاقائی امن و استحکام کے لئے جاری کوششوں کی بھی تعریف کی۔ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر، جنرل اینگس جے کیمبل کو تینوں مسلح افواج کے دستے نے ’’گارڈ آف آنر‘‘ بھی پیش کیا۔