ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔ایرانی میڈیا نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔

ایرانی سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی کا حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر تلاش کرلیا گیا ہے، سرچ ٹیمیں تباہ ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔

ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم کا کہنا ہے کہ صدر کے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ایک پہاڑی سے ملا ہے، تاہم اس دعوے کی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی۔ایران کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹس کے مطابق ریسکیو ٹیمیں ایرانی صدر رئیسی کے تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر کے ملبے تک پہنچ گئی ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئيسی کے ہمراہ وزیر خارجہ بھی موجود تھے، ریسکیو ٹیمیں حادثے کے مقام پر موجود ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کے ہیلی کاپٹر کو حادثہ ایرانی صوبے مشرقی آذربائیجان میں شدید دھند کے دوران پہاڑی علاقوں سے گزرتے ہوئے پیش آيا۔

حادثہ اس وقت پیش آيا جب ایرانی صدر مشرقی آذربائیجان میں ڈیم کے افتتاح کے بعد واپس تبریز شہر کی طرف جارہے تھے، ڈیم کی افتتاحی تقریب میں آذربائیجانی صدر نے بھی شرکت کی۔