گلوکار ’داؤد کم‘ کا خواب پورا، تمام رکاوٹوں کے باوجود مسجد کی تعمیر مکمل کرا دی

سال2019 میں اسلام قبول کرنے والے جنوبی کوریا کے گلوکار داؤد کم نے اپنے خواب کی تعبیر پالی اور ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر مکمل کرا دی۔

جنوبی کوریا کے معروف گلوکار داؤد کم نے اپنے خوابوں کی تعبیر پاتے اور وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے ہر رکاوٹ عبور کی مگر ایک خوبصورت مسجد کی تعمیر مکمل کرا دی، جہاں نماز کی ادائیگی بھی شروع ہو گئی ہےداؤد کم نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے ایک روح پرور ویڈیو جاری کی ہے جس میں انہیں مسجد کی تعمیر کے کام میں حصہ لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے

انہوں نے اپنے پیغام میں انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ’الحمدللہ  آپ سب کی مدد سے میں آخر کار اللہ کا گھر بنانے میں کامیاب ہوگیا ہوں‘۔داؤد کم کا مزید کہنا تھا کہ،میں یہ بھی جانتا ہوں کہ بہت سے لوگ میری اس کاوش سے پریشان ہیں، لیکن میں مسجد کی تعمیر کا خواب کبھی ترک نہیں کروں گا۔’

یوٹیوبر نے اپنے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی کسی بھی قسم کی مدد کرنا چاہتا ہے تو براہ کرم میرے لیے رضاکارانہ مدد فراہم کرے۔مسجد کی تکمیل کے بعد باجماعت نماز کی ادائیگی بھی شروع ہو گئی ہے اور ویڈیو میں چند لوگوں کو باجماعت نماز ادا کرتے دکھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ معروف پاپ گلوکار اور یوٹیوبر داؤد کم نے کچھ عرصہ قبل جنوبی کوریا میں دو مساجد ایک ڈیاگو اور دوسری دارالحکومت سیول میں بنانے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ جب تک کوریا کی ہر گلی میں خوبصورت اذان کی آواز نہیں گونجتی میں اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھوں گا۔

تاہم اس اعلان کے بعد جب انہوں نے مسجد کی تعمیر کے لیے زمین کی خریداری کا معاہدہ کیا اور چندہ اکٹھا کیا تو اس پر ایک تنازع کھڑا ہوا تھا جس پر گلوکار نے عارضی طور پر یہ منصوبہ موخر کر دیا تھا۔