لاہور: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایک اور محاذ پر کامیابی حاصل کرلی، سری لنکا میں قید 43 پاکستانی قیدی وطن واپس آئیں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی سے سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل (ر) رویندرا چندرا سری وجے گونارتنے کی ملاقات ہوئی جس میں سری لنکا میں قید 43 پاکستانی شہریوں کی فوری وطن واپسی پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں وفاقی وزیرداخلہ نے قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستانی قیدیوں کی ملک واپسی کیلئے انتظامات کو چند روز میں حتمی شکل دے دی جائے گی۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ وزارت داخلہ ان قیدیوں کو واپس لانے کیلئے گزشتہ ایک ماہ سے سری لنکن حکام کے ساتھ کام کر رہی تھی، سری لنکا اور پاکستان کے درمیان تعلقات گزشتہ 7 دہائیوں میں مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جارہے ہیں، پاکستان باہمی تعلقات کو مختلف شعبو ں میں مزید آگے بڑھانے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے قیدیوں کی اپنے ملک واپسی کیلئے فوری اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔