تھائی لینڈ: لندن سے سنگاپور جانے والی سنگاپور ائیرلائن کی پرواز کے دوران جہاز میں زبردست ٹربیولینس (جھٹکے اور عدم توازن ) ہوئی جس کے باعث مسافر شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال کے انتہائی نگہداشت یونٹ میں داخل کیا گیا۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جہاز میں 211 مسافر اور عملے کے 18 اراکین سوار تھے جن میں سے اب 40 افراد اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، 22 کو کمر کی ہڈی میں چوٹیں آئیں جب کہ 6 کو دماغی چوٹیں آئی ہیں۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارہ تھائی لینڈ کے قریب کچھ منٹوں میں 37 ہزار فٹ سے 31 ہزار فٹ کی بلندی تک نیچے آگیا، بعدازاں اس کی ہنگامی لینڈگ کی گئی۔
اسپتال کے ایک سینئر ڈاکٹر نے بتایا کہ آئی سی یو میں داخل 40 مسافروں کی حالت نازک ہے جو سنجیدہ قسم کی انجریز سے دوچار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اسپتال میں سب سے ضعیف مریض 83 سال کا ہے اور سب سے چھوٹا ایک دو سالہ بچہ ہے جس کو زخم آئے تھے، اس کے علاوہ ایک مسافر کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہو گئی۔
اس سے قبل جہاز کے ایک مسافر نے غیرملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ جہاز اوپر کی جانب اٹھا اور پھر اچانک ہی نیچےگرنے لگا جن مسافروں نے سیٹ بیلٹ نہیں باندھی تھی وہ جہاز کی چھت سے جاٹکرائے۔