اسلام آباد: چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) مسرور خان کا کہنا ہے پاکستان میں آئندہ 5 برسوں میں ایل پی جی کے استعمال میں زبردست اضافہ متوقع ہے۔
آئل اینڈ گیس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین اوگرا مسرور خان کا کہنا تھا اوگرا کا گیس ٹیرف بہت ماہرانہ طریقے سے طے کیا جاتا ہے۔
چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا وائٹ آئل پائپ لائن کا استعمال صرف 40 فیصد ہے، ملک میں 3 ہزار ڈبہ پیٹرول اسٹیشن چل رہے ہیں، ڈبہ پیٹرول پمپس کو ختم کرنے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
مسرور خان کا کہنا تھا پاکستان میں آئندہ 5 سالوں میں ایل پی جی کے استعمال میں زبردست اضافے کا امکان ہے، اس وقت ایل پی جی کا ملکی انرجی مکس میں حصہ 1.3 فیصد ہے جو آئندہ 5 سالوں میں 5 فیصد سے تجاوز کر جائے گا۔
چیئرمین اوگرا کا کہنا تھا ایل پی جی کی اسٹوریج، ٹرانسپورٹیشن اور معیاری سلنڈر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، ملک میں 200 کلوگرام کے کمرشل سلنڈر متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔