گورنر سندھ کا اسکولز کے بچوں کو فری ناشتہ دینے کا اعلان

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ ہم اسکولوں میں ناشتہ کا پروگرام شروع کررہے ہیں، بچوں کو اسکولز میں فری ناشتہ ملے گا۔

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔صوبہ سندھ سے غربت اور بے روزگاری کو کم کرنے کے اقدامات تیز کردیے ہیں۔

کامران ٹیسوری کا فری ناشتہ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں 100 اسکولوں سے یہ پروگرام شروع کررہے ہیں۔ جو اسکول رجسٹریشن کروائے گا، اسے سہولیات فراہم کریں گے۔

اس موقع پر خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم اختیاری اور ارادی پاکستانی ہیں، کراچی حکومتوں کی مدد کررہا ہے۔ کراچی کو تو کسی حکومت کی مدد کی ضرورت ہی نہیں، پاکستان بنانے کا کوئی مقصد تھا۔

ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ شرح خواندگی خطرناک حد تک کم ہے، ایسی نسل جوان ہورہی ہے جن کو مکمل غذا نہیں مل رہی۔ تقسیم اور تفریق کے مسئلے کی وجہ سے پاکستان میں غربت ہے۔