بھارتی اور بنگلا دیشی کپتان نیویارک اسٹیڈیم کے سحر میں مبتلا

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کیلئے  بھارت اور بنگلا دیش کے کپتان نیویارک کے کرکٹ اسٹیڈیم سے متاثر ہوگئے۔

نیویارک کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارت اور بنگلا دیش کی ٹیموں کے درمیان کل وارم اپ میچ کھیلا جائے گا، اس 34 ہزار تماشائیوں کی گنجائش والے اسٹیڈیم میں ڈراپ ان پچز ہیں۔

 میچ سے قبل ہی دونوں ٹیموں کے کپتان روہت شرما اور نجم الحسن شنتو اسٹیڈیم کے سحر میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

روہت شرما کی گفتگو

کرکٹ اسٹیڈیم  کی خوبصورتی کو سراہتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ یہ  بہت خوبصورت  اور کھلا اسٹیڈیم ہے ، اس اسٹیڈیم کے ماحول کو محسوس کرنے کے لیے زیادہ انتظار نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ تماشائیوں کی تعداد بھی اچھی ہے، یہ ایک اچھا اسٹیڈیم ہوگا ہمیں یہاں کی کنڈیشنز کو سمجھنے کی ضرورت ہے جب کہ نیویارک میں فینز بھی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے منتظر ہوں گے۔

نجم الحسن شنتو کی گفتگو

دوسری جانب  اسٹیڈیم کے حوالے سے بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شنتو نے کہا کہ اسٹیڈیم کی تصویریں انٹر نیٹ پر دیکھیں، اب یہ ایک مکمل اسٹیڈیم بن چکا ہے،  بڑا اچھا محسوس ہو رہا ہے یہ ناقابل یقین ہے، خاص طور پر ایسٹرن گرینڈ اسٹینڈ کے بارے ایسا نہیں سوچا تھا، ہم شاندار اسٹیڈیم میں میچ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت  کا میچ بھی نیویارک اسٹیڈیم میں ہی  9 جون کو شیڈولڈ ہے۔